محمد نعیم ورک، اردو ناول کا ثقافتی مطالعہ

تبصرہ نگار:شفیق منصور

1,325

زیرنظر تحقیق محمد نعیم ورک کا اردو ادب میں پی ایچ ڈی کا مقالہ ہے، جو کتابی صورت میں شائع کیا گیاہے۔اس کتاب کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں انہوں نے 1869 سے1947 تک اردو زبان میں لکھے جانے والے ناولوں کا ثقافتی مطالعہ کیا ہے۔یوں تو ناول اور ثقافت کا آپس میں گہرا تعلق ہوتا ہے۔ کہانی جس زمان ومکان میں جنم لیتی ہے اس کی کی ریت روایات اور ثقافتی مظاہر کو بھی اپنے جذب کرلیتی ہے جس کی جھلک کہانی کی بْنت اور روح میں واضح نظر آتی ہے۔لیکن ناول نگاری کی صنف چونکہ مغرب سے آئی ہے اور اس پر جو نقد لکھا گیا اس کا منہج بھی عموما وہی ہوتا ہے جو مغرب سے وارد ہوا، اس لیے جب اردو ناولوں کا مطالعہ کیا جاتا ہے تو اس میں ایک گونہ اجنبیت اور روکھاپن باقی رہتا ہے اور مقامی ثقافتی پہلو کسی حد تک نظرانداز ہوجاتے ہیں۔ محمد نعیم ورک نے اس روایت کو بدلنے کی کوشش کی ہے اور اردو ناول نگاری کا اعتماد کے ساتھ ثقافتی مطالعہ کیا ہے۔
اردو زبان میں ناول نگاری کا فن استعماری عہد میں متعارف ہوااور زیرنظر کتاب میں جس عہد کا انتخاب کباگیا وہ بھی استعماری عہد ہے اس لیے اردو ادبا وقارئین کی جن استعماری خطوط پر تربیت ہوئی کتاب میں اس کے پس منظر، اہم نکات اور استعماری کلامیے کا تجزیہ کیا گیاہے۔مطالعے میں کوشش کی گئی ہے کہ اس ثقافت تک رسائی حاصل کی جائے جو ناول کی ہیئت، تکنیکوں اور موضوعات کو تشکیل دیتی ہے۔
یہ تحقیق پانچ ابواب پر مشتمل ہے۔پہلے حصے میں تصورِثقافت کا جائزہ لیا گیا ہے اور ثقافت کی پیش کردہ تعبیروں پر روشنی ڈالی گئی ہے۔دوسرے باب میں اردو ناول میں پیش کی جانے والی اجتماعی شناخت اور اس کے امتیازات کا کھوج لگایا گیا ہے کہ اْس عہد میں ادیب شناخت کے کن پہلوؤں پر توجہ مرکوز رکھتا تھا۔تیسرے مرحلہ میں اردو ناول میں بیان کردہ ثقافت کے تصورِ کائنات اور اس کے نتیجے میں ناول کی ہیئت اور تکنیک پر ہونے والے اثرات کو نمایاں کیا گیا ہے۔چوتھے حصے میں ثقافت کے سماجی مضمرات سے بحث کے لیے اختیار، اقتدا اور سماجی تحرک کو بنیاد بنا کر تجزیہ پیش کیاگیا ہے۔ جبکہ پانچویں اور آخری باب میں تاریخی کرداروں کے انتخاب اور ان کی نمایاں صفات پر توجہ مرکوز رکھی گئی ہے۔کتاب کے سارے سفر میں مصنف نے ثقافت کے بشریاتی تصور کو ملحوظ خاطر رکھا ہے۔ کتاب کے مصنف محمد نعیم ورک یونیورسٹی آف سرگودھا کے شعبہ اردو سے بحیثیت استاد منسلک ہیں۔ زیرنظر کتاب کے علاوہ ان کی اب تک دو مزیدکتب اشاعت کے مراحل طے کرچکی ہیں : اردو ناول اور استعماریت، اور نوبیل لیکچرز، معاشیات ترجمہ۔

یہ آرٹیکلز بھی پڑھیں مصنف کے دیگر مضامین

فیس بک پر تبصرے

Loading...