Close Menu
    Facebook X (Twitter) Instagram
    Facebook X (Twitter) Instagram
    تجزیات آن لائنتجزیات آن لائن
    تجزیات آن لائنتجزیات آن لائن
    Home»تما م آرٹیکلز»مذہبی برادریاں؛ مذہبی آزادی اور امتیازی برتاؤ کے دو راہے پر
    تما م آرٹیکلز

    مذہبی برادریاں؛ مذہبی آزادی اور امتیازی برتاؤ کے دو راہے پر

    tajziat_adminBy tajziat_adminاکتوبر 22, 2026کوئی تبصرہ نہیں ہے۔19 Mins Read2 Views
    Facebook Twitter Pinterest LinkedIn Tumblr Email
    Share
    Facebook Twitter LinkedIn Pinterest WhatsApp Email

    تحریر: ڈاکٹر محمد حسین

    تمہید

    پاکستان میں مذہب محض انفرادی عقیدے یا عبادت کا معاملہ نہیں۔ اس کا تعلق تاریخی شناخت، سماجی تعلقات، سیاسی نمائندگی، ریاستی قانون اور شہری حقوق سے بھی ہے۔ اس خطے کی تہذیبی تاریخ وادیٔ سندھ اور گندھارا کی قدیم تہذیبوں، صوفی ورثے، سندھ کے مندروں، ننکانہ صاحب اور کرتارپور جیسے سکھ مقامات، تاریخی گرجا گھروں، ملک بھر میں پھیلے تاریخی مساجد، صوفیا کے مزارت، چترال کی کیلاش روایت اور گلگت بلتستان کی نوربخشی خانقاہوں اور اسماعیلی جماعت خانوں جیسے متعدد دھاروں سے بنی ہے۔

    اس تاریخی تنوع کے ساتھ مذہبی شناخت، شہری مساوات اور ریاستی قانون کے رشتے میں کئی پیچیدگیاں بھی ہیں۔ 1974ء کی دوسری آئینی ترمیم، 1984ء کا آرڈیننس کے تحت توہینِ مذہب سے متعلق فوجداری دفعات، سماجی امتیاز اور مختلف ادوار کا فرقہ وارانہ تشدد ان سوالات کو جنم دیتے ہیں۔ ان پر بات کرتے ہوئے قانونی حقائق، دستاویزی واقعات، ادارہ جاتی تجزیوں اور غیر مصدقہ دعووں میں فرق رکھنا ضروری ہے۔ گروہی تعصبات اور بالادستی کے کی کشمکش پر مبنی بیانیوں کو سوشل میڈیا کی طاقت نے مزید پیچیدہ کر دیا ہے۔

    حصہ اول: مردم شماری 2023ء، آبادیاتی منظر نامہ

    پاکستان کے قومی ادارہ برائے شماریات (PBS)نے ملک کی پہلی ڈیجیٹل مردم شماری مارچ 2023ء میں کرائی جس میں 240,458,089 افراد کا اندراج ہے۔ اور 2017ء تا 2023ء سالانہ شرحِ نمو 2.55 فیصد رہی۔ واضح رہے اس میں آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کی آبادی کو شمار نہیں کیا گیا ہے۔

    جدول 1: مذہبی برادریوں کی آبادی کا تناسب

    مذہبی زمرہ (سرکاری نام) درج شدہ تعداد کل میں تناسب
    مسلمان 231,686,709 96.35%
    مسیحی 3,300,788 1.37%
    ہندو (جاتی) 3,867,729 1.61%
    شیڈولڈ کاسٹ 1,349,487 0.56%
    قادیانی/احمدی (جدول کا عنوان) 162,684 0.07%
    سکھ 15,998 0.0067%
    پارسی 2,348 0.0010%
    دیگر 72,346 0.030%
    کل 240,458,089 100%

    مجموعی طور پر 2023ء کی مردم شماری کے مطابق غیر مسلم شہریوں کی مجموعی درج شدہ تعداد 8,771,380، یعنی تقریباً 3.65 فیصد بنتی ہے۔ ہندو (جاتی) اور شیڈولڈ کاسٹ کو الگ سرکاری زمروں کے طور پر شمار کیا گیا ہے؛ دونوں کو جمع کرنے سے 5,217,216 افراد، یعنی تقریباً 2.17 فیصد بنتے ہیں، تاہم اس مجموعے کو افراد کی ذاتی مذہبی یا ذات پر مبنی شناخت کا قطعی بیان نہیں سمجھنا چاہیے۔ 2017ء اور 2023ء کے تقابل میں بعض برادریوں کی درج شدہ تعداد میں اضافہ جبکہ احمدیوں کی تعداد میں کمی سامنے آتی ہے، لیکن ان تبدیلیوں کی وجوہات کے بارے میں حتمی نتائج کے لیے مزید تحقیق ضروری ہے۔ اسی طرح دیہی و شہری تقسیم میں بھی نمایاں فرق ہے: مسیحی اور احمدی آبادی کا نسبتاً بڑا حصہ شہری علاقوں میں جبکہ ہندو (جاتی) اور شیڈولڈ کاسٹ کی اکثریت دیہی علاقوں میں درج ہوئی، جس کے باعث ان برادریوں کے روزگار، رہائش، زمین اور مقامی سماجی و معاشی حالات سے متعلق مسائل مختلف ہو سکتے ہیں۔ سکھوں، پارسیوں اور دیگر چھوٹی برادریوں کی آبادی نسبتاً کم ہے، لیکن ان کے مساوی شہری حقوق اور مذہبی آزادی کی اہمیت ان کے آبادیاتی حجم سے وابستہ نہیں۔ لہٰذا ان اعداد کی تشریح کرتے وقت مردم شماری کی سرکاری درجہ بندی، افراد کی خود شناخت، علاقائی تقسیم اور آبادیاتی تبدیلیوں کے باہمی فرق کو ملحوظ رکھنا ضروری ہے۔

    حصہ دوم: برادریوں کا سماجی و معاشی تناظر

    2.1 مسلم اکثریت کا اندرونی تنوع

    پاکستان کی مردم شماری مسلمانوں کی مسلکی تقسیم کے اعدادوشمار فراہم نہیں کرتی۔ USCIRF کے حوالے سے دستیاب تخمینوں کے مطابق، سنی مسلمانوں کا تناسب 85 سے 90 فیصد اور شیعہ مسلمانوں کا 10 سے 15 فیصد بتایا جاتا ہے بعض اسے 80 اور 20 فیصد بتاتے ہیں تاہم، یہ تخمینے اور اندازے ہیں، مردم شماری کے مصدقہ اعداد نہیں۔ سنی مسلمانوں میں بریلوی، دیوبندی اور اہلِ حدیث، جبکہ شیعہ برادریوں میں اثنا عشری، اسماعیلی، بوہرہ اور نوربخشی شناختیں شامل ہیں۔ بلوچستان میں آباد ذکری بھی ایک الگ مذہبی شناخت رکھتے ہیں۔ اس داخلی تنوع کو محض فرقہ وارانہ اختلاف یا تصادم کے تناظر میں دیکھنے کے بجائے اس کے تاریخی، سماجی، سیاسی، مقامی اور قانونی عوامل کو بھی سمجھنا ضروری ہے۔ کسی گروہ کی اکثریتی مذہبی شناخت کے باوجود مخصوص علاقوں یا حالات میں اس کے افراد کو امتیاز، عدم تحفظ یا سماجی محرومی کا سامنا ہو سکتا ہے۔ توہین مذہب کے الزامات اور مقدمات کی اعداد و شمار اس کی ایک واضح مثال ہے۔

    پاکستان میں مذہبی و فرقہ وارانہ تشدد کی پیچیدہ صورتِ حال کے پس منظر میں افغان جہاد اور کشمیر سے وابستہ عسکریت پسندی، بین الاقوامی دہشت گرد نیٹ ورکس، امریکہ کی قیادت میں دہشت گردی کے خلاف جنگ، اور فرقہ وارانہ مسلح تنظیموں کی سرگرمیاں اہم عوامل رہے ہیں۔ بعض خلیجی اور ہمسایہ ممالک کی علاقائی رقابتوں اور فرقہ وارانہ سرپرستی نے بھی ان کشیدگیوں کو تقویت دی۔ ان عوامل کے باہمی اثرات نے ملکی سلامتی، سماجی ہم آہنگی اور معیشت پر گہرے اثرات مرتب کیے، جبکہ مختلف مذہبی و فرقہ وارانہ برادریوں اور ان کی نمایاں شخصیات کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ اس وسیع تر تنازعے کے نتیجے میں ہزاروں افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے، بہت سے لوگ جسمانی یا نفسیاتی معذوری کا شکار ہوئے اور لاکھوں افراد بے گھر ہوئے؛ پاکستان کو معاشی نقصانات بھی برداشت کرنا پڑے۔ تاہم، ان انسانی اور معاشی اثرات کو کسی ایک عامل سے منسوب کرنے کے بجائے مختلف ادوار، واقعات، ریاستی پالیسیوں، اور مسلح گروہوں کے کردار کا شواہد کی روشنی میں الگ الگ جائزہ لینا ضروری ہے۔

    2.2 ہندو برادریاں اور ذات پر مبنی عدم مساوات

    ہندو شناخت رکھنے والے لوگ مختلف لسانی، علاقائی اور ذات پر مبنی برادریوں سے ہیں۔ جدول 9 کے مطابق ہندو (جاتی) کی تقریباً 70 فیصد اور شیڈولڈ کاسٹ کی تقریباً 87 فیصد آبادی دیہی ہے ۔ ذات پر مبنی امتیاز، زمین کی غیر محفوظ ملکیت اور غیر رسمی مزدوری جیسے مسائل کی دستاویز بندی مختلف تحقیقات میں ملتی ہے۔ ان کی شدت علاقے، معاشی و سماجی طبقے، جنس اور پیشے کے لحاظ سے مختلف ہو سکتی ہے۔ دیہی پنجاب اور اندرون سندھ کے کچھ علاقوں میں قرض کے بدلے مشقت کے معاملات کو مذہبی شناخت کے ساتھ زمین داری کے ڈھانچوں، غربت اور قانون کے نفاذ کے تناظر میں پڑھنا چاہیے۔

    2.3 مسیحی برادری

    مسیحی برادری ملک کے شہری علاقوں میں نسبتاً زیادہ موجود ہے (تقریباً 63 فیصد شہری، اور اسلام آباد میں اس کا حصہ ملکی اوسط سے کئی گنا زیادہ ہے۔ یہاں کئی کچی یا نیم کچی بستیاں موجود ہیں۔ تعلیم، صحت اور سماجی خدمت میں ان کا کردار نمایاں رہا ہے۔ ساتھ ہی بعض کم اجرت والے پیشوں میں غیر متناسب نمائندگی، سماجی تعصب اور رہائشی علیحدگی کی نشاندہی کی جاتی رہی ہے۔

    2.4 احمدی برادری اور قانونی شناخت

    1974ء کی دوسری آئینی ترمیم کے ذریعے احمدیوں کو آئینی طور پر غیر مسلم قرار دیا گیا۔ 1984ء کے خصوصی آرڈیننس نے تعزیراتِ پاکستان میں دفعات 298-B اور 298-C شامل کر کے ان کے بعض مذہبی القابات، شعائر اور اظہار پر مخصوص پابندیاں لگائیں۔ ان قوانین کے علاوہ عبادت گاہوں، قبرستانوں اور جسمانی تحفظ کے مسائل کی اطلاعات بھی سامنے آتی رہی ہیںاور ہجومی حملوں کے واقعات رپورٹ ہوتے رہے ہیں۔

    2.5 سکھ، پارسی، بہائی ، کیلاش اور بدھ مت

    ننکانہ صاحب، حسن ابدال اور کرتارپور سکھ برادری کے لیے مذہبی اہمیت رکھتے ہیں۔ پارسی برادری نے خصوصاً کراچی کی شہری زندگی، تعلیم اور سماجی خدمت میں تاریخی کردار ادا کیا ہے، مگر اس کی تعداد اب بہت کم رہ گئی ہے ۔ بہائی برادری کی الگ شناخت ہے، اور کیلاش برادری کی روایات چترال کی وادیوں سے وابستہ ہیں۔ ان برادریوں کی ثقافتی بقا کے لیے عبادت، زبان، ورثے، زمین اور تعلیم کے مواقع کا تحفظ کلیدی ہے۔ کسی زمانے میں ٹیکسیلا

    ، سوات، تخت بھائی گندھارا تہذیب اور بدھ مت کے مراکز رہے، مگر اب پاکستان میں مقامی سطح پر بدھ مت کے پیروکار تقریبا نہ ہونے کے برابر ہیں۔

    حصہ سوم: آئینی ضمانتیں اور قانونی ڈھانچہ

    3.1 آئینِ پاکستان

    آرٹیکل 2: اسلام ریاست کا مذہب ہے۔

    آرٹیکل 20: قانون، امنِ عامہ اور اخلاق کے تابع مذہب اختیار کرنے، اس پر عمل کرنے اور اس کی تبلیغ کی آزادی، اور مذہبی اداروں کے انتظام کا حق۔

    آرٹیکل 22: مذہبی تعلیم اور بعض تعلیمی اداروں میں مذہبی شمولیت کے لیے ضمانتیں۔

    آرٹیکل 25: شہریوں کی مساوات اور قانون کا مساوی تحفظ۔

    آرٹیکل 26 اور 27: عوامی مقامات تک رسائی اور سرکاری ملازمت میں امتیاز کے خلاف ضمانتیں۔

    آرٹیکل 36: اقلیتوں کے جائز حقوق اور مفادات کے تحفظ اور خدمات میں مناسب نمائندگی کی ہدایت۔

    آئینی ضمانتوں کا عملی پیمانہ یہ ہے کہ شہریوں کو عبادت، تعلیم، ملازمت، انصاف، سیاسی شرکت اور جسمانی تحفظ میں کس حد تک مساوی مواقع ملتے ہیں۔

    3.2 تعزیراتِ پاکستان کی متعلقہ دفعات

    جدول 2: توہینِ مذہب اور احمدی مخالف دفعات کا خاکہ

    دفعہ موضوع
    295 عبادت گاہ یا کسی طبقے کے مقدس مقام کی بے حرمتی یا نقصان
    295-A دانستہ اور بدنیتی پر مبنی عمل یا الفاظ کے ذریعے کسی طبقے کے مذہبی جذبات مجروح کرنا
    295-B قرآنِ مجید کے نسخے کی بے حرمتی (سزا: عمر قید)
    295-C پیغمبر اسلام ﷺ کی توہین (سزا کی تفصیل نیچے)
    298-A مقدس شخصیات کے بارے میں توہین آمیز کلمات سے متعلق
    298-B احمدیوں کے بعض مذہبی القابات اور شعائر کے استعمال پر پابندی
    298-C احمدیوں کے خود کو مسلمان کہنے، تبلیغ اور مذہبی اظہار پر پابندی

    دفعہ 295-C کی سزا: 1986ء میں شامل کی گئی اس دفعہ میں سزا «موت یا عمر قید» تھی۔ وفاقی شرعی عدالت نے 30 اکتوبر 1990ء کو محمد اسماعیل قریشی کیس میں قرار دیا کہ عمر قید کا متبادل اسلامی احکام کے منافی ہے، اور حکم دیا کہ 30 اپریل 1991ء تک ترمیم نہ ہوئی تو یہ الفاظ اس تاریخ سے غیر مؤثر ہو جائیں گے۔ بعد میں وفاقی شرعی عدالت کے ایک اور فیصلے (شریعت پٹیشن نمبر 07/I بابت 2013ء) میں بھی اس فیصلے کی حتمیت اور اس کے نتیجے میں اس دفعہ کے تحت واحد سزا موت ہونے کا ذکر ہے یوں متن میں «یا عمر قید» کی عبارت کی موجودگی کے باوجود عملی قانونی حیثیت یہ ہے کہ اس جرم کی سزا موت ہے۔ HRW کے مطابق اس جرم میں آج تک کسی کو پھانسی نہیں دی گئی ۔

    حصہ چہارم: عقیدے کی بنیاد پر تشدد اور امتیاز، دستاویزی رجحانات

    4.1 الزامات کی تعداد اور ساخت

    جدول 3: توہین کے الزامات اور حراست

    اشاریہ عدد ادارہ / مدت
    توہین کے الزام کا سامنا کرنے والے افراد 344 (ریکارڈ) CSJ، 2024ء
    2024ء کے ملزموں میں مذہبی شناخت مسلمان 70%، احمدی 14%، ہندو 9%، مسیحی 6% CSJ، 2024ء
    رسمی یا غیر رسمی الزام، مجموعی 2,793 افراد CSJ،1987ء تا 2024ء
    توہین کے الزام میں قید افراد 750 سے زائد HRCP، اکتوبر 2024ء تک

    ان اعداد کی تعبیر میں چند احتیاطیں ضروری ہیں۔ پہلی، یہ الزامات یا درج مقدمات کی گنتی ہے، عدالتی طور پر ثابت شدہ جرائم کی نہیں۔ دوسری، ملزموں کی مذہبی شناخت کا تناسب کسی گروہ میں جرم کے رجحان کا ثبوت نہیں۔ تیسری، ملزموں میں مسلمانوں کی اکثریت اس مسئلے کی پیچیدگی ظاہر کرتی ہے، لیکن اس سے یہ نتیجہ نہیں نکلتا کہ تمام برادریوں کو یکساں خطرہ ہے۔ احمدی (آبادی کا 0.07 فیصد) 2024ء کے ملزموں کا 14 فیصد بنتے ہیں، جو آبادی کے تناسب سے بہت زیادہ ہے۔ ہندو (1.61 فیصد آبادی، 9 فیصد ملزم) میں بھی یہی فرق نظر آتا ہے، اور مسیحی (1.37 فیصد آبادی، 6 فیصد ملزم) میں بھی۔ یہ موازنہ صرف تناسب کا ہے اور اس کی وجوہات کے لیے الگ تحقیق چاہیے۔

    توہین کے مقدمات میں الزام، مقدمے کے اندراج، گرفتاری، عدالتی حراست، فردِ جرم، فیصلے اور اپیل کے مراحل الگ ہیں۔ HRW کی 2025ء کی تحقیق میں قبل از مقدمہ طویل حراست، منصفانہ سماعت میں مشکلات اور جسمانی خطرات کا ذکر ہے ۔

    4.2 ہجومی تشدد اور ہلاکتیں

    جدول 4: تشدد سے متعلق دستاویزی اعداد

    دستاویزی نکتہ ادارہ / مدت
    ہجومی اور بظاہر محافظوں کے حملوں میں چار افراد قتل؛ ستمبر میں عمرکوٹ اور کوئٹہ میں دو ملزم پولیس کی گولی سے ہلاک HRW، ورلڈ رپورٹ 2025ء (واقعات 2024ء)
    جون 2024ء میں کوٹلی میں تقریباً 150 افراد کے ہجوم کا احمدی عبادت گاہ پر حملہ HRW، ورلڈ رپورٹ 2025ء
    2023ء سے جون 2025ء تک عقیدے کی بنیاد پر تشدد کے انفرادی واقعات میں کم از کم 16 افراد ہلاک، زیادہ تر واقعات پنجاب میں HRCP، بحوالہ The News on Sunday، جون 2025ء
    دو ملزم پولیس کے ہاتھوں ماورائے عدالت ہلاک؛ احمدیوں کی ٹارگٹ کلنگ اور محفوظ عبادت گاہوں کی مسماری HRCP، «Streets of Fear» (2024/25ء)

    ا4.3 الزامات کا معاشی استعمال اور «پھنسانے» کے نیٹ ورک

    HRW کی 9 جون 2025ء کی رپورٹ «A Conspiracy to Grab the Land» لاہور، گوجرانوالہ، قصور، شیخوپورہ اور اسلام آباد کے اضلاع میں مئی 2024ء سے جنوری 2025ء کے درمیان کی تحقیق پر مبنی ہے۔ رپورٹ کے مطابق بعض واقعات میں توہین کے الزامات زمین ہتھیانے، جبری بے دخلی، کاروباری رقابت اور مالی بلیک میلنگ کے لیے استعمال ہوئے۔ ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان نے بھی ایسے الزامات کا ذکر کیا ہے جن میں سینکڑوں نوجوان مرد و خواتین کو توہین کے الزامات میں پھنسا کر ان سے رقم لی گئی، اور وفاقی حکومت سے نیشنل کمیشن فار ہیومن رائٹس کے نتائج کی بنیاد پر تحقیقاتی کمیشن قائم کرنے کی سفارش کی ۔ ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان کی 2025ء کی رپورٹ کے مطابق پنجاب میں اسپیشل برانچ کی تحقیقات کے باوجود ایسے نیٹ ورکس کے خلاف مؤثر اقدامات سامنے نہیں آئے ۔ یہ نتائج مخصوص تحقیقی دائرے کے ہیں اور انہیں ہر مقدمے پر لاگو نہیں کرنا چاہیے۔

    کسی بھی واقعے کے تجزیے میں تین سطحیں الگ رکھنی چاہییں: فوری واقعہ (الزام، اشتعال، ہجوم کی نقل و حرکت)، ریاستی ردِعمل (پولیس کی کاروائی ، متاثرین کا تحفظ، مقدمات)، اور بعد از واقعہ احتساب (گرفتاری، مقدمات، فیصلے، بحالی)۔ کسی تنظیم کی منظم ملوث ہونے کا دعویٰ اسی حد تک کیا جائے جس حد تک تحقیقات یا عدالتی ریکارڈ اس کی تائید کرتے ہوں۔ HRCP کی فیکٹ فائنڈنگ جڑانوالہ کے لیے ایسی ہی ایک تحقیق ہے ۔

    4.4 خود کش حملوں میں اضافہ

    اگست 2021ء میں افغانستان میں طالبان کے دوبارہ اقتدار میں آنے کے بعد سے پاکستان میں سکیورٹی فورسز اور مذہبی برادریوں کو نشانہ بنانے کا رجحان بڑھ گیا ہے۔ اس پورے دورانیے میں کالعدم تحریکِ طالبان پاکستان (TTP)، اس سے وابستہ دھڑوں اور داعش خراسان جیسی انتہا پسند تنظیموں نے منظم حکمت عملی کے تحت مساجد، امام بارگاہوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی تنصیبات کو نشانہ بنایا ہے۔ مارچ 2022ء میں پشاور کے قصہ خوانی بازار کی شیعہ جامع مسجد اور جنوری 2023ء میں پشاور پولیس لائنز کی مسجد پر ہونے والے ہولناک خودکش حملے اسی طرح فروری 2026ء میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے علاقے ترلائی میں خدیجہ الکبریٰ امام بارگاہ پر جمعہ کے اجتماع کے دوران خودکش حملہ اور ستمبر 2026ء میں کوہاٹ کے اولڈ پولیس لائنز کی مسجد پر بارود سے بھری گاڑی اور مسلح حملہ آوروں کا مشترکہ حملہ اس بات کا منہ بولتا ثبوت ہے کہ دہشت گردوں کے نیٹ ورکس بدستور فعال ہیں۔

    4.5 سوشل میڈیا اور ڈیجیٹل شواہد

    ڈیجیٹل پلیٹ فارم الزامات کے پھیلاؤ، مواد کے سیاق و سباق سے ہٹ کر استعمال اور ہجوم کو متحرک کرنے میں کردار ادا کر سکتے ہیں ۔ لیکن آن لائن مواد کی موجودگی بذاتِ خود اس کے مصنف، نیت یا قانونی حیثیت کا ثبوت نہیں۔ ڈیجیٹل مقدمات میں مواد کے مکمل سیاق، شواہد کی تحویل اور تکنیکی تصدیق، الزام اور ثبوت میں فرق، اور زیرِ تفتیش افراد کی رازداری اور سلامتی کا خیال رکھنا ضروری ہے۔

    حصہ پنجم: تجزیاتی جہتیں اور ساختی مسائل

    5.1 شمار، نمائندگی اور اعتماد

    مردم شماری کی مذہبی درجہ بندی پالیسی اور وسائل کی تقسیم پر اثر ڈال سکتی ہے، اس لیے درجہ بندیوں کی واضح تعریف اور اندراج کی شفافیت ضروری ہے۔ لیکن کسی برادری کا کم تناسب بذاتِ خود اس کے حقوق کی خلاف ورزی کا ثبوت نہیں۔ حقوق اور نمائندگی کے جائزے کے لیے قانونی، انتظامی اور سماجی شواہد الگ سے درکار ہیں۔

    5.2 قانون اور طریقۂ کار

    قانون کی بالادستی صرف قوانین کے وجود سے قائم نہیں ہوتی۔ اس کے لیے غیر جانب دار تفتیش، منصفانہ سماعت، گواہوں اور وکلا کا تحفظ، ضمانت کے حق کا احترام اور تشدد کے ذمہ داروں کا احتساب بھی ضروری ہے۔ دفعہ 298-A کو ناقابلِ ضمانت بنانے پر HRCP کا اعتراض اسی دائرے میں آتا ہے ۔

    5.3 صنف، عمر اور جبری تبدیلیِ مذہب کے دعوے

    USCIRF نے ہندو اور مسیحی لڑکیوں کی جبری تبدیلیِ مذہب کی اطلاعات کا ذکر کیا ہے [15][16]، اور HRCP نے ہندو اور مسیحی خواتین اور لڑکیوں کی کمزوری کی نشاندہی کی ہے۔ ان معاملات میں عمر، آزادانہ رضامندی، سرپرستی، جبر اور مقامی طاقت کے رشتوں کا انفرادی شواہد کی بنیاد پر جائزہ لینا پڑتا ہے۔ ہر کیس کو ایک ہی زمرے میں رکھنا درست نہیں۔ قانونی پیچیدگی یہ ہے کہ عدالتیں فیصلہ کیس کی دستاویزات اور شہادتوں پر کرتی ہیں، اس لیے اس موضوع پر عمومی اعداد کے بجائے کیس سطح کی تحقیق اور عدالتی ریکارڈ کی ضرورت ہے۔

    5.4 ذات، طبقہ اور معاشی کمزوری

    شیڈولڈ کاسٹ کی تقریباً 87 فیصد آبادی دیہی ہے۔ HRW کی تحقیق دکھاتی ہے کہ زمین کے ریکارڈ کے مسائل، کمزور قانونی تحفظ اور سماجی پسماندگی بعض معاملات میں مذہبی الزامات کے معاشی استعمال کو ممکن بناتے ہیں۔ اس لیے اقلیتی حقوق کی پالیسی میں مذہبی آزادی کے ساتھ مزدور حقوق، زمین کی ملکیت، تعلیم، رہائش، مقامی سماجی وطبقاتی حیثیت اور قانونی امداد کو بھی شامل کرنا ضروری ہے۔

    5.5 احتساب کا خلا

    جڑانوالہ میں سزاؤں کی عدم موجودگی اور ملزمان کی بریت یا رہائی کے رپورٹ شدہ اعداد [11][23] اس تاثر کو مضبوط کرتے ہیں کہ ہجومی تشدد پر مؤثر جواب دہی کا نظام کمزور ہے۔ تاہم ہر مقدمے کے بارے میں عدالتی ریکارڈ سے تصدیق ضروری ہے، کیونکہ بریت کی وجوہات (شواہد کی کمی، گواہوں کی دستبرداری، تفتیش کی خامیاں) الگ الگ ہو سکتی ہیں۔

    5.6 تعلیم، ذرائع ابلاغ اور سماجی ہم آہنگی

    تعلیمی نصاب، اساتذہ کی تربیت، صحافتی اخلاقیات اور ڈیجیٹل خواندگی مذہبی تنوع کے بارے میں رویوں کی تشکیل میں کردار ادا کرتے ہیں۔ تنقیدی سوچ، اختلاف کے احترام، آئینی شہریت اور غلط معلومات کی شناخت کی تعلیم ان مسائل کو زیادہ ذمہ دارانہ طور پر سمجھنے میں مدد دے سکتی ہے۔

    حصہ ششم: پالیسی سفارشات

    6.1 مردم شماری اور آبادیاتی ڈیٹا

    مذہبی شناخت کے سوالات، تعریفوں اور زمروں کو واضح اور شفاف بنایا جائے، اور کل آبادی کی دو مختلف بنیادوں (جدول 9 اور عمومی حوالے) کے فرق کی سرکاری وضاحت شائع ہو۔

    مختلف مردم شماریوں کے تقابل کے لیے یکساں زمروں والی جدولیں فراہم کی جائیں۔

    چھوٹی برادریوں (سکھ، پارسی، بہائی، بدھ، کیلاش) کی علیحدہ شمار کی گنجائش پر غور کیا جائے، اور مذہبی شناخت کے ڈیٹا کی رازداری کے اصول طے ہوں۔

    آبادیاتی تبدیلیوں کی تشریح میں نقل مکانی، عمر، شرحِ پیدائش، اندراج اور خود شناخت کو الگ الگ جانچا جائے۔

    6.2 قانونی تحفظ اور عدالتی عمل

    توہین کے مقدمات میں ابتدائی تفتیش کی غیر جانب داری اور قانونی طریقۂ کار کی پابندی یقینی بنائی جائے، اور بے بنیاد الزام لگانے والوں کے لیے جواب دہی کا نظام ہو۔

    ملزمان، شکایت کنندگان، وکلا اور گواہوں کو دھمکیوں سے تحفظ دیا جائے۔

    الزام کے بعد ہجومی خطرے کی صورت میں فوری حفاظتی اقدامات کے قابلِ عمل معیاری ضابطے بنائے جائیں۔

    «پھنسانے» کے نیٹ ورکس سے متعلق ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان کی سفارش کے مطابق آزاد تحقیقات کی جائیں ۔

    2014ء کے سپریم کورٹ فیصلے کی ہدایات پر عمل درآمد کا شفاف جائزہ لیا جائے۔

    6.3 معاشی و سماجی شمولیت

    تعلیم، سرکاری ملازمت اور پیشہ ورانہ تربیت تک مساوی رسائی کو یقینی بنایا جائے۔

    جبری مشقت اور قرض کے بدلے مشقت کی مؤثر نگرانی اور متاثرین کی بحالی ہو۔

    عبادت گاہوں، قبرستانوں اور جائیداد کے تحفظ کی ذمہ داری مقامی انتظامیہ پر واضح ہو۔

    متاثرہ خاندانوں کو قانونی امداد، نفسیاتی معاونت، عارضی رہائش اور معاشی بحالی ملے۔

    6.4 تعلیم، میڈیا اور ڈیجیٹل ذمہ داری

    کولوں میں آئینی شہریت، مذہبی تنوع اور پُرامن اختلاف کی تعلیم کو مؤثر بنایا جائے۔

    اساتذہ، صحافیوں، مذہبی رہنماؤں اور مقامی انتظامیہ کو افواہوں اور ہجوم کے خطرات سے نمٹنے کی تربیت دی جائے۔

    ڈیجیٹل مواد کی تصدیق اور ذمہ دارانہ رپورٹنگ کے اصولوں کو فروغ ملے۔

    بین المذاہب ہم آہنگی کے پروگراموں کو شرکا کی تعداد کے بجائے اعتماد، تعاون اور امتیازی واقعات میں کمی جیسے قابلِ پیمائش اشاریوں سے جانچا جائے۔

    اختتامیہ

    مردم شماری 2023ء کے مطابق پاکستان کی درج شدہ آبادی کا 96.35 فیصد مسلمان ہے، جبکہ تقریباً 87.7 لاکھ افراد (3.65 فیصد) مسیحی، ہندو (جاتی)، شیڈولڈ کاسٹ، احمدی، سکھ، پارسی، بہائی اور دیگر شناختوں کے طور پر درج ہوئے۔ یہ اعداد پالیسی اور تحقیق کی بنیاد ہیں، مگر مکمل تصویر نہیں۔ ان کی تعبیر درجہ بندی اور اندراج کی حدود کو سامنے رکھ کر ہی کی جانی چاہیے۔

    عقیدے کی بنیاد پر تشدد کے دستاویزی شواہد، یعنی توہین کے الزامات میں ریکارڈ اضافہ، ہجومی حملے، احمدی برادری پر دباؤ، الزامات کا معاشی استعمال اور جڑانوالہ جیسے واقعات کے بعد احتساب کی کمزوری، یہ بتاتے ہیں کہ مسئلہ صرف قانون کے متن کا نہیں بلکہ تفتیش، عدالتی عمل، پولیس کے ردِعمل اور سماجی ماحول کا بھی ہے۔ اس کا پائیدار حل شفاف شمار، منصفانہ عدالتی عمل، متاثرین کے تحفظ، معاشی مواقع کی مساوی تقسیم، ذمہ دار میڈیا اور معیاری تعلیم کے مجموعے میں ہے۔

    بین المذاہب ہم آہنگی کا حقیقی معیار یہ ہے کہ ہر شہری اپنی شناخت کے ساتھ محفوظ زندگی گزار سکے، قانون سے یکساں تحفظ پائے اور قومی ترقی میں باوقار شرکت کر سکے۔

    حوالہ جات و مصادر

    Pakistan Bureau of Statistics (PBS). 7th Population and Housing Census 2023: Table 9 (Population by Sex, Religion and Rural/Urban) (قومی، صوبائی خیبر پختونخوا اور اسلام آباد کے تفصیلی جدول).

    EU Agency for Asylum (EUAA). Pakistan: Country Focus (Section 1.2: Demographics), June 2026

    Minority Rights Group International. World Directory of Minorities and Indigenous Peoples – Pakistan Profile (Updated December 2025

    Human Rights Watch (HRW). World Report 2025: Pakistan Chapter & Special Report: “A Conspiracy to Grab the Land”: Exploiting Pakistan’s Blasphemy Laws for Blackmail and Profit, June 2025.

    USCIRF. 2026 Annual Report (Coverage: 2025) & Related Statements on Blasphemy Laws in Pakistan, March 2026.

    Human Rights Commission of Pakistan (HRCP). Streets of Fear: Freedom of Religion or Belief in 2024/25 (تخلیقی رپورٹس اور پریس ریلیزز 2023–2025).

    Centre for Social Justice (CSJ). Human Rights Observer 2025: A Review of Minorities' Rights in Pakistan (بشمول Morningstar News اور The News on Sunday کے تراشے اور تجزیے).

    آئینِ پاکستان (1973ء): آرٹیکل 2، 20، 22، 25، 26، 27، 36۔

    قانونی ترامیم و آرڈیننس: دوسری آئینی ترمیم (1974ء)؛ تعزیراتِ پاکستان (PPC) کی دفعات 295 تا 298-C؛ امتناعِ قادیانیت آرڈیننس (آرڈیننس XX، 1984ء)؛ فوجداری قوانین (ترمیمی) ایکٹ 2023ء (تفصیلات برائے منظوریاں۔

    . عدلیہ کے فیصلے: سپریم کورٹ آف پاکستان (از خود نوٹس نمبر 1/2014ء) اور وفاقی شرعی عدالت (شریعت پٹیشن نمبر 07/I بابت 2013ء / 1990ء فیصلے)۔

    Share. Facebook Twitter Pinterest LinkedIn Tumblr Email
    Previous Articleاقتدار کا شکستہ معاہدہ
    Next Article پاکستان میں بین المذاہب بقائے باہمی کی مقامی روایتیں اور نئے امکانات
    tajziat_admin
    • Website

    Related Posts

    روداد: نوجوانوں کے لیے ورکشاپ

    اکتوبر 22, 2026

    زیدیہ شیعہ تحریک اور حوثی سعودی تنازع کا پس منظر

    اکتوبر 22, 2026

    مسلکِ نوربخشیہ: تعارف اور پاکستان میں ادارہ جاتی نمائندگی کا جائزہ

    اکتوبر 22, 2026
    Leave A Reply Cancel Reply

    تجزیات آن لائن
    Facebook X (Twitter) Instagram
    © 2026 تجزیات آن لائن، جملہ حقوق محفوظ ہیں۔

    Type above and press Enter to search. Press Esc to cancel.

    Powered by
    ►
    Necessary cookies enable essential site features like secure log-ins and consent preference adjustments. They do not store personal data.
    None
    ►
    Functional cookies support features like content sharing on social media, collecting feedback, and enabling third-party tools.
    None
    ►
    Analytical cookies track visitor interactions, providing insights on metrics like visitor count, bounce rate, and traffic sources.
    None
    ►
    Advertisement cookies deliver personalized ads based on your previous visits and analyze the effectiveness of ad campaigns.
    None
    ►
    Unclassified cookies are cookies that we are in the process of classifying, together with the providers of individual cookies.
    None
    Powered by