امام ابنِ تیمیہ عالم اسلام کی فکری روایت کی ایک نمایاں تر شخصیت ہیں جن کے افکار اور طرزِ استدلال نے انفرادیت کا نقش قائم کیا۔ اصول فقہ میں انھوں نے یونانی منطق اور فلسفے کے اثرات پر نکتہ چینی کرتے ہوئے اسے متعدد فقہی اختلافات کا باعث قرار دیا۔ ڈاکٹر خالد مسعود نے امام ابن تیمیہ کے طرزِ فکر کا جائزہ پیش کرتے ہوئے متعدد سوالوں کے جواب تلاش کرنے کی سعی کی ہے۔ ڈاکٹر خالد مسعود کا شمار اسلامی قانون پر دسترس رکھنے والی چند نمایاں شخصیات میں ہوتا ہے۔ اپنے علمی اور تحقیقی سفر میں انھوں نے مشرقی اور مغربی فکریات کا وسعت و دقتِ نظر سے مطالعہ کیا ہے۔ جس سے ان کے ہاں فکری توازن کی ایک ایسی صورت پیدا ہوئی ہے جو مسئلے کو سلجھانے اور اسے درست علمی تناظر میں پیش کرنے پر قادر ہے۔ قارئین "تجزیات” کے لیے یہ مقالہ یقیناً علمی استفادے کا باعث ہو گا۔ (مدیر)
