working
   
 
   
Untitled Document
موجودہ شمارہ

Untitled Document
 
Bookmark and Share
10 April 2015
تاریخ اشاعت

 آرمی پبلک سکول پر حملے کے بعد دینی مدارس کا مسئلہ

تبصرہ کتب

دہشت گردی:ایک فکری مطالعہ(سلمان عابد)

عاطف محمود ہاشمی

معروف دانشور اور تجزیہ نگا ر سلمان عابد کی کتاب ” دہشت گردی ---ایک فکری مطالعہ“ شائع ہو چکی ہے۔ اس موضوع پر انگریزی،عربی اور دیگر بڑی زبانوں میں تو کافی مواد موجود ہے جس میں روز بروز اہم اضافے ہو رہے ہیں لیکن اردو زبان میں دہشت گردی کے حوالے سے لکھی جانے والی یہ پہلی جامع کتاب ہے جس کا اندازہ فہرست پر نظر ڈالنے سے ہی کیاجاسکتا ہے۔اس موضوع پر جتنے بھی عنوان آپ کے ذہن میں آسکتے ہیں ان پر مکمل اور سیر حاصل معلومات آپ کو مل جائیں گی۔
دہشت گردی کو ہوا دینے میں میڈیا اور ذرائع ابلاغ کا کس حد تک عمل دخل ہے؟مذہبی جماعتیں اور دینی مدارس انتہا پسندی کے گردونواغ میں کہاں تک ملوث ہیں؟متنازعہ لٹریچر اور نفرت کی سیاست کا کیا رول ہے؟وہ کیا عوامل ہیں جو نوجوانوں کو انتہاپسندی اور دہشتگردی کی طرف لے کر جا رہے ہیں؟اس حوالے سے اہل دانش،سیاسی قیادت اورپارلیمنٹ کا کردار کیا ہے؟اور اس کی روک تھام کے لیے قومی ترجیحات کے تعین اور فکر میں کس قسم کی تبدیلیوں کی ضرورت ہے؟ ان تمام سوالوں کے اطیمنان بخش جوابات دیئے گئے ہیں اورپاکستان میں انتہا پسندی اور دہشت گردی کے حوالے سے حساس اور اہم معاملات سے متعلق مسائل ، مشکلات اور حکمت عملیوں پر تفصیلی روشنی ڈالی گئی ہے۔
دہشتگردی اور انتہاپسندی کو عموماً مدارس اور دینی جماعتوں کے ساتھ جوڑا جاتا ہے لیکن سلمان عابد نے بجا طور پر دلائل سے واضح کیا ہے کہ اس کی وجوہات اور بھی ہیں جن میں قوم پرستی،لسانی تعصب اور مالی بددیانتیاں شامل ہیں۔اس اہم موضوع پر صرف انہوں نے اپنا تجزیہ ہی نہیں پیش کیا بلکہ ملک کے نامور ااور کہنہ مشق تجزیہ کاروں کی تحریروں کو بھی باحوالہ پیش کیا ہے جس سے کتاب کی جامعیت اور استناد کی عکاسی ہوتی ہے۔
اس کتاب میں انتہا پسندی اور دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے ریاست پاکستان کی طرف سے اختیار کی گئی قومی حکمت عملی کا بھی تنقیدی جائزہ لیا گیا ہے۔سلمان عابد کے مطابق انتہا پسندی اور دہشت گردی خلاف جاری جنگ آسانی سے ختم نہیں ہوسکے گی نیز اسے کامیاب بنانے کے لیے آخر دم تک پوری قوم کا یکسو رہنا اور قومی اتفاق رائے کا برقرا ر رہنا ضروری ہے۔کیونکہ تضادات پر مبنی سرکاری پالیسیاں اور سیاسی کمٹمنٹ کا فقدان قومی ایکشن پلان میں رکاوٹوں اور ناکامی کا باعث بن رہا ہے۔
ان معنوی خوبیوں کے ساتھ ساتھ کتاب کی ظاہری خوبی یہ ہے کہ اغلاط سے بالکل پاک ہے اورخوبصورت اور پرکشش طباعت وکتابت ،دیدہ زیب سیٹنگ اور ٹایٹل کی پرکشش ڈیزائننگ نے اس کے حسن کو دوچند کر دیا ہے۔امید ہے کہ دہشتگردی کی روک تھام کے حوالے سے یہ کتاب سنگ میل ثابت ہوگی۔