قدیم مصری تہذیب کیسی تھی؟

حسین الشیخ، تسنیم فہید

1,907

جب قدیم مصری تہذیب کا ذکر آتا ہے تو عموماََ اہرام مصر اور ان کی تعمیر بارے محققین کا اختلاف یا نعشوں کو حنوط کرنے کے طریقے کی طرف ہمارا ذہن جاتا ہے۔ لیکن قدیم مصری تہذیب کا تعارف محض یہی نہیں ہے۔ اس کے متعلق اور بھی بہت ساری دلچسپ واہم معلومات ہیں جنہیں کم لوگ جانتے ہیں۔ ان میں سے بعض کا ذکر ہم یہاں کریں گے۔

تعلیم: اُس دور میں تعلیم کو بہت اہمیت حاصل تھی۔ کسانوں کے بچے لکھنے پڑھنے کی ابتدائی مہارت کے ساتھ زراعت کی خصوصی تعلیم حاصل کیا کرتے تھے۔ مڈل کلاس خاندان اپنے بچوں کو تعلیم کے لیے معبدوں میں بھیجتے تھے، جبکہ اشرافیہ کے ہاں تعلیم وتربیت کے لیے الگ مدارس ومعلمین کا انتظام تھا۔منطق، ریاضی اور روحانیت کی تعلیم سب کے لیے لازمی تھی۔ شواہد کے مطابق لکھنے پڑھنے کی عمر 13 سے 19 سال مقرر تھی۔

حروف تہجی

صنفی تفریق: عہدِ فراعنہ میں مردو عورت کے مابین فرق کے تصور کے آثار نہیں ملتے۔ اکثر محققین کی رائے ہے کہ عورتوں کو قانونی طور پہ مردوں کے برابر درجہ حاصل تھا۔ عورتیں وراثت اور اپنی ملکیت کے مال متاع میں وصیت لکھا کرتی تھیں۔ زراعت کا نظام تھا توعورتیں کھیتوں میں مردوں کے ساتھ مل کر کام کرتی تھیں۔ بادشاہت کے منصب پر بھی کئی خواتین براجمان رہیں۔ البتہ گے رابنز(Gay Robins) کے خیال میں صنفی تفریق کی مثالیں بھی موجود ہیں، جیسے کہ معبدوں میں عورتیں کاہن نہیں بن سکتی تھیں، اسی طرح سرکاری سطح پر معبدوں میں عورتوں کا تقرر نہیں کیا جاتا تھا۔

عورتوں اور مردوں کے بین صنفی تفریق نہیں تھی

شعرو ادب: قدیم مصری تہذیب میں شعرو ادب پر بھی خصوصی توجہ دی جاتی تھی۔ اشعار میں تخیل کا پیرایہ اتنا لطیف اور جاذب ہے کہ اسے قدیم کہنا زیادتی ہوگی۔ بیسویں صدی میں ماہرین آثار قدیمہ نے ایسی تختیوں کی دریافت کی جن پر اُس عہد کے شعرا کے فن پارے درج تھے۔ جب ان کا ترجمہ کیاگیا تو وہ ایسی تشبیہات وکنائے اور استعاروں پر مشتمل تھے کہ لوگ ان کے سحر میں گرفتار ہوگئے۔ کینیڈین شاعرہ مصنفہ سونیا پلیسیدو نے اپنی کتاب the love poetry of ancient Egypt میں قدیم مصری تہذیب کے اشعار کا انگریزی ترجمہ پیش کیا ہے۔

عہد فراعنہ میں شعر کی تمام اصناف پر طبع آزمائی کی گئی تھی۔ دینی وتعلیمی اشعار لکھے گئے، شادی کے مواقع کے لیے دوہے قسم کی الگ ایک صنف تھی، محبت ورومانس کا اظہار بھی اشعار کی صورت میں کیا جاتا تھا۔ ان سب میں وزن اور قافیے کی رعایت موجود تھی۔

ایک رہاعی کا ترجمہ یہ ہے:

میں گھر سے نہیں نکلوں گا اور بستر پر سوجاؤں گا

جھوٹ بول دوں گا اور کہوں گا میں بیمار ہوں

سب مجھے پوچھنے اور تیمار داری کے لیے آئیں گے

ان کے ساتھ میری محبوبہ بھی آجائے گی

ایک اور شعر کا ترجمہ یوں ہے:

جیسے شراب اور پانی مل کر یک جان ہوجاتے ہیں

میری رُوح میں تمہاری محبت یوں ہی جذب ہوگئی ہے

رہن سہن اورعادات:

عہد فراعنہ میں لوگ سونے کے لیے  پتھر کے تراشے ہوئے مخصوص تکیوں کا استعمال کرتے تھے۔ ان کی شکل دیکھ کر شاید یقین نہ آئے لیکن اس کی تصدیق ہو چکی ہے۔

پتھر سے بنایا گیا تکیہ

اس دور کے لوگ بلیوں سے شدید اُنس رکھتے تھے حتیٰ کہ ان کی پوجا بھی کی جاتی تھی۔ کسی گھر میں بلی کی وفات ہوجاتی تو گھر کے تمام افراد غم میں اپنی بھنویں مونڈ دیتے تھے۔ بلی کو قتل کرنے پر موت کی سزا مقرر تھی۔

بلی سے شدید انس رکھا جاتا

مصریوں نے جن خداؤں کی پوجا کی تھی ان کی تعداد 1400 ہے۔

جو بادشاہ تخت نشین ہوتا وہ اپنی عبادت کا حکم جاری کرتا تھا

بعض حکام فراعنہ خود کو مکھیوں سے محفوظ رکھنے کے لیے اپنے قریب میں کچھ غلام بٹھاتے تھے جن پر شہد مَلا ہوتا تھا،اس طرح مکھیاں ان پر بیٹھتیں اور حکام تنگ نہ ہوتے۔

آخری خاتون فرعونِ مصر کلوپیٹرا نسلاََ مصری نہیں تھی بلکہ یونانی تھی۔

کلوپیٹرا کا مجسمہ

شادی کے موقع پر عورت مرد کے درمیان انگوٹھیوں کے تبادلے کی رسم سب سے پہلے مصری تہذیب میں شروع ہوئی۔

شہد اور تیل کے زیادہ استعمال کی وجہ سے زیادہ تر مصری موٹاپے کا شکار تھے اور اس سے پریشان رہتے۔ دبلا ہونا خوبصورتی کی علامت تھا جیساکہ دیواروں پر تصویروں کے نقش سے واضح ہوتا ہے۔

تصویری نقوش میں لوگوں کو دُبلا دکھایا جاتا ہے

جب کوئی خاتون بچے کو جنم دیتی تو اس کا خیال رکھنے کے لیے اس کے شوہر کو کچھ دنوں کے لیے کام سے چھٹی دی جاتی تھی۔

مترجم: شفیق منصور،بشکریہ رصیف،ن بوست

یہ آرٹیکلز بھی پڑھیں مصنف کے دیگر مضامین

فیس بک پر تبصرے

Loading...