غیر متوقع تبدیلی

626

ملکی سیاست میں تیزی سے رونما ہونے والی ہمہ جہت تبدیلیوں کے ساتھ بدلتی سیاسی ترجیحات کو از سر نو مدون کرنے کا عمل لاشعوری طور پر اس متعین قومی پالیسی کو تحلیل کر دے گا جس نے پچھلے چالیس سالوں سے مملکت خداداد سمیت پورے جنوبی ایشیا کی جیوپولیٹیکل صورت حال کو اپنی گرفت میں لیے رکھا۔ایسا لگتا ہے کہ بظاہر غیر مربوط واقعات کی مدد سے تقدیر ہمیں کسی غیر متوقع تبدیلی کے دروازے تک پہنچا دے گی۔قومی اسمبلی نے سپریم کورٹ سمیت پشاور ہائی کورٹ کے دائرہ اختیار کو قبائلی علاقوں تک وسعت دینے کا بل منظور کر کے فاٹا میں اصلاحات کی طرف جو پیشقدمی کی ،اسکا قبائیلی عوام کی طرف سے بڑے پیمانے پہ خیرمقدم نہیں ہو سکا۔ایسے محسوس ہوا جیسے قبائیلی پٹی کو اعلی عدلیہ کے دائرہ اختیار میں لانے کے فیصلہ سے فاٹا انضمام کے پُرجوش حامیوں  کے جذبات پہ اوس پڑ گئی۔اس سے واضح ہوتا ہے کہ فاٹا کو خیبر پختون خوا میں ضم کرانے کی جلد منظوری کے لئے دباو بڑھانے والوں کے مقاصد سیاسی تھے۔چند دن قبل جب قومی اسمبلی کثرت رائے سے فاٹا اصلاحات بل کی مذکورہ  شق منظور کرنے لگی تو جے یو آئی کے اراکین نے بل میں ایسی ترامیم شامل کرانے کی کوشش کی جس سے ٹرائیبل ایریا کے کچھ معاملات کو محدود عرصہ کیلئے عدالتی اختیار سے باہر رکھنا مقصود تھا لیکن حکومت شاید جمعیت کی ترامیم سے صرف نظر کر کے مولانا فضل الرحمٰن کے اعتماد کو متزلزل کرنا چاہتی تھی تاہم مولانا نے اسی روز فون کر کے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کو تحفظات سے آگاہ کیا تو وفاقی وزیر سفیران عبد القادر بلوچ نے مولانا فضل الرحمن سے  ملاقات کر کے بتایا کہ حکومت نے فاٹا اصلاحات کے 27 نکاتی بل کی صرف ایک شق منظور کر کے اس ڈیڈ لاک کو ختم کرنے کی کوشش کی جس نے فاٹا کو قومی دھارے میں لانے کے عمل کو مفلوج کر رکھا تھا۔مولانا پُر امید ہیں کہ مذکورہ بل کو جب سینٹ میں لایا جائے گا تو  انکی پیش کردہ ترامیم قبول کر لی جائیں گی۔

بلوچستان میں مبینہ ہارس ٹریڈنگ کے ذریعے نواب ثناء اللہ زہری کی حکومت کا تختہ الٹنے میں جے یو آئی کی شمولیت کے بعد نواز شریف اور مولانا فضل الرحمٰن کے درمیان باہمی اعتماد کے رشتے کمزور ہوئے ہیں۔جمعہ کے روز جب جاتی امرا میں زہری حکومت کو تار پیڈو کرنے کے معاملہ پر غور و خوص کے لئے نواز شریف نے پارٹی رہنماؤں اوراتحادی جماعتو ں کا مشاورتی اجلاس بلایا تو اس میں محمود اچکزئی،حاصل بزنجو اور مالک بلوچ  تو شریک تھے لیکن چودھری نثار اور مولانا فضل الرحمٰن کو اجلاس میں شرکت کی دعوت نہیں دی گئی۔ حالانکہ مولانا اس روز  لاہور میں تھے،جہاں پہلے انہوں نے وزیراعلی پنجاب شہباز شریف  کے ساتھ ملاقات کی  اور پھر نواز لیگ کے ساتھ دوستی کے رشتوں میں پڑنے والی دراڑ کو پُر کرنے کی خاطر پیپلز پارٹی کے چیئرمین آصف علی زرداری سے ملاقات کر کے انہیں نواز لیگ کے قریب لانے کی کوشش کی۔حیرت انگیز طور پہ بلوچستان میں رجیم چینج کے بعد فاٹا کو خیبر پختون خوا میں ضم کرانے کی وہ پرجوش تحریک مدہم پڑ گئی جسے بظاہر محمود خان اچکزئی اور مولانا فضل الرحمٰن کی مخالفت نے روک رکھا تھا۔پختون قوم پرست جماعتوں اور قبائلی کارکنوں کی توجہ فی الحال مبینہ پولیس مقابلہ میں جاں بحق ہونے والے خوبرو نوجوان نقیب اللہ محسود کو انصاف دلانے پہ مرکوز ہے۔اس لیے فاٹا اصلاحات کا ہنگام فی الحال پس منظر میں چلا گیا۔پشاور سے شائع ہونے والے ایک معاصر روز نامہ نے دور کی کوڑی لاتے ہوئے اعلی عدالتوں کی فاٹا تک رسائی کو القاعدہ کے سربراہ اسامہ بن لادن کی تسخیر میں امریکی خفیہ اداروں کی مدد کرنے کے جرم میں قید ڈاکٹر شکیل آفریدی کی رہائی کا راستہ ہموار بنانے سے جوڑا ہے۔اخبار نے لکھا کہ انتخابی مہم کے دوران امریکی صدر ٹرمپ نے ووٹرز سے وعدہ کیا تھا کہ وہ صدر بن کر بن لادن کی گرفتاری میں امریکی اداروں کی معاونت کرنے والے شکیل آفریدی کو رہائی دلائیں گے ،چنانچہ قومی اسمبلی کے ذریعے عدالتوں کے دائرہ اختیار کو قبائلی علاقوں تک پھیلانے سے شکیل آفریدی کی رہائی کی گنجائش نکل آئے گی۔شکیل آفریدی کو خیبر ایجنسی کے پولیٹیکل ایجنٹ نے12 مئی کو کالعدم لشکر اسلام کے سربراہ منگل باغ کی مبینہ اعانت کے جرم میں ایف سی آر کے تحت  33 سال قید اور بھاری جرمانے کی سزا سنائی تھی،جسے ملک کی آئینی عدالتوں میں چیلنج نہیں کیا جا سکتا۔واقفان حال کا کہنا کہ دراصل انہیں ایبٹ آباد میں روپوش القاعدہ کے سربراہ اسامہ بن لادن تک امریکی اداروں کو پہنچانے کی پاداش میں گرفتار کیا گیا لیکن عالمی دباؤ کو ٹالنے اور قانونی پیچیدگیوں سے بچنے کی خاطر انہیں ایف سی آر کے تحت سزا  دلائی گئیٍٍ۔

اس پُرہنگام سیاست کا سب سے زیادہ غیر متوقع پہلو یہ نکلا کہ سپریم کورٹ نے ازخود نوٹس لیکر  ایگزیکٹ جعلی ڈگری سکینڈل کے معاملہ کو اٹھا لیا،ایگزیکٹ کا ایشو اگرچہ چار سالوں سے ملکی و غیر ملکی میڈیا پہ چھایا رہا اور وفاقی تحقیقاتی ادارہ بھی پچھلے کئی سالوں سے اس کیس کی چھان بین میں مصروف رہا لیکن بوجوہ  ایف آئی اے ایگزیکٹ جعلی ڈگری کیس کو ورک آوٹ کرنے میں ناکام رہا۔ایگزیکٹ گروپ کا ٹی وی چینل تین سال سے پورے خشوع و خضوع کے ساتھ عدلیہ اور مقتدرہ کی “مدّح سرائی” کے علاوہ نہایت بے حجابی کے ساتھ حکمران لیگ اور ایک بڑے میڈیا گروپ کے مالک کی کردار کشی کرتا رہاہے۔اب عدالت عظمیٰ کی جانب سے ایگزیکٹ جعلی ڈگری سکنڈل کو از خود اٹھانے سے لگتا ہے کہ ملک کے اس بڑے میڈیا گروپ اور عدالتی مقتدرہ کے درمیان ویسا ہی کوئی”قانونی”توازن قائم ہو رہا ہے جیسا سابق چیف جسٹس افتخار چوہدری کی آزاد عدلیہ اور اس بڑے میڈیا ہاؤس کے درمیان چھ سال تک بنا رہا۔چیف جسٹس ثاقب نثار کی جانب سے جمہوریت کے ساتھ اپنی لازوال وفاداری کا اعلان اور ہری پور جلسہ میں عدلیہ بارے نواز شریف کے لب ولہجہ میں پائی جانے والی معمولی سی نرمی بھی اس امر کی غماض تھی کہ کہیں نہ کہیں پانی ضرور پڑرہا ہے۔یہ بھی شاید اِسی تغیر کا شاخسانہ ہو کہ جنگ گروپ نے چار سال بعد پی ٹی آئی کے سربراہ کے خلاف ہتک عزت کا دعویٰ دائر کرنے کا نوٹس دیکر عمران خان سے ان الزمات پہ معافی مانگنے کا مطا لبہ کیا جو انہوں نے چودہ اگست دو ہزار چودہ کے لانگ مارچ، پانامہ کیس کی سماعت اور جے آئی ٹی کی تحقیقات کے دوران جنگ گروپ اور اسکے مالک میر شکیل الرحمٰن پہ لگائے تھے۔نواز شریف نے ہری پور جلسہ میں پہلی بار عدلیہ کے لاڈلے عمران خان کو جیل بھجوانے کی وعید سنائی۔فرانسس بیکن نے کہا تھا کہ سیاست میں ہر تبدیلی طاقت کے ایماپر آتی ہے ۔اگر نواز لیگ کی عدلیہ اور مقتدرہ کے ساتھ  رسہ کشی جاری رہی تو عام انتخابات کے امکانات کم ہو جائیں گے کیونکہ انتخابی جمہوریت، اقتصادیات،سیاسیات اور ذہن انسانی میں کشمکش برپا کرتی ہے اور تاریخ بتاتی ہے کہ تلخیوں کے ماحول میں منعقد ہونے والا انتخابی عمل مملکت کی سلامت کے لئے مہلک ثابت ہوتا ہے۔

یہ آرٹیکلز بھی پڑھیں مصنف کے دیگر مضامین

فیس بک پر تبصرے

Loading...