زبان کو کیسے نظر انداز کیا جاتا ہے

807

آئندہ ڈیجیٹل مردم شماری 2023 کے فارم نمبر 2 میں جنس، عمر، مذہب، ازدواجی زندگی، قومیت اور ‘مادری زبان’ کے بارے میں بنیادی سوالات شامل ہیں۔ اس فارم کے مطابق اس مردم شماری میں 14 زبانوں کو مادری زبان کے طور پر شامل کیا گیا ہے۔

ان زبانوں میں اردو، پنجابی، سندھی، پشتو، بلوچی، کشمیری، سرائیکی، ہندکو، براہوی، شینا، بلتی، میواتی، کیلاش اور کوہستانی شامل ہیں۔ ‘دیگر’ زبانوں کے لیے ایک علیحدہ خانہ ہے۔

پاکستان میں 60 کے قریب دیگر زبانیں ہیں جنہیں ‘دیگر’  کے زمرے میں رکھا گیا ہے۔ کھوار، گجری، توروالی، گاوڑی، بروشسکی، وخی، گواربتی، پلولہ، دمیلی، اورموڑی، ڈاھٹکی، مارواڑی، پہاڑی، بیٹیری، مانکیالی، اوشوجو، کٹی، کامویری وغیرہ جیسی زبانوں کا اس فارم میں ذکر نہیں ہے۔

پاکستان بیورو آف سٹیٹسٹکس (پی بی ایس) کی طرف سے فراہم کردہ مردم شماری کے شمار کنندگان کے لیے کتابچہ مادری زبان کی یوں  وضاحت کرتا ہے کہ “وہ زبان جو ایک شخص بچپن سے بول رہا ہے۔ مادری زبان وہ زبان ہے جسے ایک شخص اپنے والدین اور خاندان کے دیگر افراد سے بات چیت کے لیے استعمال کرتا ہے۔“

زبانوں کے بارے میں سرد مہری کے مسئلے کے علاوہ اس مردم شماری میں کئی، دیگر خدشات بھی ہیں، جن میں یہ حقیقت بھی شامل ہے کہ مردم شماری سردیوں کے آخر میں ان علاقوں میں کی جائے گی جہاں شدید برف باری ہوتی ہے جیسے سوات، شانگلہ، دیر بالا، اپر اور لوئر کوہستان، کوہلائی پالاس اور چترال۔ ایک طرف، اہلکار ہر اس ڈھانچے یا عمارت میں نہیں جا سکتے جو جیو ٹیگنگ کے لیے پہاڑیوں پر ہیں۔ دوسری طرف، ان پہاڑی علاقوں سے بہت سے لوگ موسمی ہجرت کا انتخاب کرتے ہیں، سخت سردیوں سے بھاگتے  ہیں اور تین سے چار ماہ پنجاب، سندھ اور خیبر پختونخواہ (کے پی) کے میدانی علاقوں میں گزارتے ہیں۔ ان تارکین وطن کے کل شمار سے خارج رہنے کا امکان ہے۔

فارم کے قومیت اور زبانوں کے کالموں سے متعلق کئی سوالات ہیں۔ قومیت کے کالم، جسے ہم ‘شہری یا سیاسی قومیت’ یا ‘شہریت’ کہہ سکتے ہیں، میں درج ذیل  درجے شامل ہیں: پاکستانی، افغان، بنگالی، چینی اور ‘دیگر’۔ کچھ لوگ اسے ‘نسلی قومیت’ کے طور پر پڑھ سکتے ہیں اور خود کو افغان کے طور پر نشان زد کر سکتے ہیں۔

زبان کے کالم میں، جیسا کہ زیادہ تر زبانوں کو خارج کر دیا گیا ہے، ایسے کئی سوالات ہیں جن کا جواب نہیں ملتا۔ مثال کے طور پر، فارم میں ایک زبان کا نام ‘کوہستانی’ شامل ہے۔ یہ ایک مبہم اصطلاح ہے، اور اصولی طور پر پاکستان میں ‘کوہستانی’ نام کی کوئی زبان نہیں ہے، اور یہ فارسی اصطلاح کسی بھی پہاڑی علاقے پر لاگو ہوتی ہے، چاہے وہ صحرائے تھر میں ہو یا کوہ ہندوکش اور ہمالیہ میں۔

پھر بھی پی بی ایس نے یہ نام شامل کیا ہے، یقینی طور پر کے پی حکومت نے ان کو یہ معلومات فراہم کی ہے  جس نے پہلے اسے بشام سے آگے دریائے سندھ کے ساتھ ساتھ انڈس کوہستان کے مغربی حصوں میں مایو زبان کا سرکاری نام قرار دیا تھا۔

کیا کوہستانی کی اصطلاح گاؤری اور توروالی زبانوں سے بھی مراد ہے؟ یہ ایک درست سوال ہے کیونکہ سوات کے ضلع بحرین اور دیر بالا کی تحصیل کالکوٹ میں ایسے لوگ موجود ہیں جو ان دونوں زبانوں کو کوہستانی مانتے ہیں۔

تاہم فارم 2 میں یہ واضح ہے کہ کوہستانی کی اصطلاح میں گاؤری یا توروالی بالکل شامل نہیں ہیں  اور اس سے مراد صرف مایو اور کوہستان کی شینا زبان ہیں۔ شینا اور انڈس کوہستانی دونوں کو ”کوہستانی“ کہا گیا ہے اور اس سے ایک بہت بڑا مسئلہ پیدا ہوا ہے۔ زبانوں کے گروہی تقسیم میں بھی شینا کہیں بھی کوہستانی گروپ میں شامل نہیں۔

مئی 2011 ء میں، کے پی اسمبلی نے خیبر پختونخوا  کے  نصاب کی نگرانی اور نصابی کتب اور تعلیمی معیارات کی دیکھ بھال ایکٹ 2011 ءکے عنوان سے ایک قانون منظور کیا۔ اس ایکٹ کے تحت اس صوبے کی کم از کم پانچ زبانیں پشتو، سرائیکی، ہندکو، کھوار اور کوہستانی شامل ہیں۔ان زبانوں کو پرائمری تعلیم کے مضامین کے طور پر اسکول کے نصاب میں شامل کیا گیا تھا  اور نصاب کی ترقی کا عمل ڈائریکٹوریٹ آف کریکولم اینڈ ٹیچر ایجوکیشن (DCTE) کو دیا گیا تھا۔ خیبرپختونخوا ٹیکسٹ بک بورڈ کی مدد سے، ڈی سی ٹی ای نے ان پانچوں زبانوں میں کورس کی کتابیں تیار کیں اور انہیں سرکاری اسکولوں تک پہنچایا۔ اگر کوہستانی سے مراد توروالی اور گاؤری بھی ہوتی تو صوبائی حکومت ان زبانوں میں کتابیں چھاپ کر ان علاقوں کے سکولوں میں بھیج دیتی۔ ایسا نہیں کیا گیا۔ لہذا اب سرکاری ‘کوہستانی’ زبان صرف زیریں اور بالائی کوہستان کے اضلاع کے مغربی جانب دبیر، رونالیہ، پٹن، کمیلا، سیو اور کندھیا کی زبان ہے۔

اگر شمار کنندگان اس مردم شماری کے خانے میں توروالی اور گاؤری کو اب کوہستانی کے طور پر شامل کریں تو اس سے ان زبانوں کو ہی نقصان پہنچے گا  اور نتیجتاً یہ اپنی شناخت کھو دیں گی۔ یہ تینوں زبانیں کوہستانی، گاؤری اور توروالی مختلف زبانیں ہیں۔ جب بھی ان تینوں زبانوں کے بولنے والے ملتے ہیں تو وہ ایک تیسری زبان بولتے ہیں ؛ زیادہ تر پشتو۔ اگر زبان ایک ہوتی تو لوگوں کو ایک دوسرے سے رابطے کے لیے پشتو یا اردو کا سہارا نہ لینا پڑتا۔

توروالی، گجری اور گاؤری  کے بولنے والوں نے بھی ایک پٹیشن کے ذریعے پشاور ہائی کورٹ سے درخواست کی ہے کہ اس ڈیجیٹل مردم شماری میں ان کی زبانیں شامل کی جائیں۔(یہ کیس توروالی =، گاؤری اور گجری والوں نے جیتا ہے)

ہندکو، پوٹھوہاری اور پنجابی اور کافی حد تک سرائیکی بولنے والے ایک دوسرے کی زبانیں سمجھتے ہیں اور اسی بنا پر بہت سے لوگ ان زبانوں کو ایک ہی زبان کی بولیاں سمجھتے ہیں۔

لیکن  سرکاری طور یہ الگ الگ زبانیں سمجھی جاتی ہیں اور مردم شماری میں مختلف زبانوں کے طور پر تسلیم کی جاتی ہیں۔ اگر توروالی اور گاؤری  بولنے والے اپنی مختلف زبانوں کو ایک اجتماعی نام سے رکھ دیں تو وہ نقصان میں ہوں گے کیونکہ وسائل کی تقسیم مردم شماری کی بنیاد پر کی جاتی ہے۔  اگے جاکر سالوں گاؤری اور توروالی کو ان علاقوں میں عوامی تعلیم میں شامل کرنے کا کوئی موقع نہیں ملے گا جہاں بچوں کی اکثریت انہیں بولتی ہے۔

کوہستانی کی اصطلاح کو ہند آریائی زبانوں کے خاندان کی دارڈک/داردی زبانوں کی ایک  ذیلی شاخ بھی کہا جاتا ہے جس میں مایا/کوہستانی، گاؤری، توروالی، باتری، تیراہی، گاورو، چلسو، مانکیالی زبانیں شامل ہیں۔ اور یہ درجہ بندی زیادہ تر 16ویں صدی میں پٹھانوں کے حملے کے بعد کی گئی تھی۔ یہ حملہ آور، جیسا کہ ناروے کے ماہر بشریات فریڈرک بارتھ نے ہمیں مطلع کیا، ان لوگوں کو   اور ان کی  زبان کے لیے ‘کوہستانی’ کا لیبل لگاتے ہیں کہ اس وقت فارسی  سرکاری زبان تھی اور اسی میں ہی ان لوگوں کو ”کوہستانی” کہا گیا۔۔ داردک زبانوں کے چار ذیلی خاندان شینا اور کنڑ گروپ، چترالی، اور مرکزی مرکزی/کوہستانی گروپ ہیں۔

پاکستان میں ڈیٹا اکٹھا کرنا اور اس کی صداقت کا مسئلہ ہمیشہ رہا ہے۔ مردم شماری ڈیٹا اکٹھا کرنے کا ایک ایسا ذریعہ ہے جو سیاسی طور پر بھی کارفرما ہے جس میں صحیح تحقیق کا فقدان ہے۔ تمام فیصلے ان لوگوں کے مشورے پر کیے جاتے ہیں جو خود تحقیق نہیں کرتے ہیں۔

پاکستان ایک عجیب ملک ہے جہاں مردم شماری یا تو 20 سال تک نہ ہوسکی یا پھر چھ سال کے عرصے میں دو بار ہوسکی۔ حیرت ہے کہ یہ ڈیجیٹل مردم شماری کیوں ضروری ہے جب کہ الیکشن کمیشن پہلے ہی قومی اور صوبائی حلقوں کی حد بندی کر چکا ہے۔

یہ آرٹیکلز بھی پڑھیں مصنف کے دیگر مضامین

فیس بک پر تبصرے

Loading...