working
   
 
   
Untitled Document
موجودہ شمارہ

Untitled Document


Untitled Document
مراسلات
اگلا شمارہ

خالد محمود رانا، رتی ٹبی: چک 12/R، ضلع ننکانہ صاحب

'تجزیات' پڑھنے کے بعد میں اس نتیجے پر پہنچا ہوں کہ بنیاد پرستی، انتہا پسندی اور دہشت گردی کے بھیانک دور میں جبکہ ہر طرف خاک و خون میں لت پت لاشے پڑے ہیں اور فضا دھواں آلود ہے، ہر جانب خوف اور دہشت کے سائے لرزاں ہیں، 'تجزیات' معاشرے میں امن و اخوت اور بھائی چارے کی فضا پیدا کرنے کے لئے کوششیں کر رہا ہے جو قابلِ ستائش ہیں۔ یہ ہماری بدقسمتی ہے کہ ہمارے انتہا پسند صرف خون ریزی اور قتل و غارت کو ہی جہاد کا حصہ سمجھتے ہیں۔ خدارا اپنے قلم میں اور زیادہ جرأت پیدا کیجئے۔ آپ بڑی خوبی سے قوم کو غداروں سے روشناس کروا رہے ہیں۔ اس وقت انتہا پسند طاقتوں نے پاکستان کو یرغمال بنا رکھا ہے۔ یہ قوتیں پورے زور سے اسلام اور نظریۂ پاکستان کے خلاف نظریاتی، تہذیبی، ثقافتی اور علمی محاذ پر پورے جوش و خروش سے حملہ آور ہیں اور اس آڑے وقت میں آپ اپنا کردار ادا کر کے لوگوں کو صحیح معنوں میں حقیقت سے روشناس کروا رہے ہیں بلکہ خود ہی جذبہ سے سرشار ہوکر غربت اور افلاس کی چکی میں پسے ہوئے لوگوں کو عزمِ صمیم مہیا کر رہے ہیں۔ 'یمن، دہشت گردی کے خلاف جنگ کا ایک اور محاذ' کے عنوان سے مضمون پڑھا۔ وقت کی مناسبت سے آپ نے اچھامضمون شاملِ اشاعت کیا۔ امید کرتے ہیں کہ آپ انسانیت کی بھلائی کے لیے یہ جہاد جاری رکھیں گے۔